بھٹکل:14؍دسمبر (ایس اؤ نیوز) ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے فوجیوں پر ہر کسی کو فخر ہے، بھارت ،پاکستان کی واگھا (اٹاری ) سرحد پر بم اسکواڈ کمانڈر کے طورپر خدمات انجام دینے کے بعد وظیفہ یاب ہوئے یلووڑی کووؤر ، ہڈین کے مکین اچھویت ناگپا نائک گرام پنچایت انتخابات میں مقابلہ کرتےہوئے سب کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔
اچھویت ناگپا نائک ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، پی یوسی دوم کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد1992میں اپنے گزارے کے لئے شرور کی ایک دکان میں ماہانہ 300روپئے تنخواہ پر کام کیا۔ 1993میں ہڈین گرام ولیج اکاؤنٹنٹ کے طورپر کام کیا۔ اسی طرح اپنی زندگی کے لئے کسی سہارے کی تلاش میں گھوم رہے اچھویت کوشیموگہ میں 1994میں بی ایس ایف سلیکشن کیمپ ہونے کی اطلاع ملتے ہی فوراً چلے گئے اور بی ایس ایف کے لئے منتخب ہوئے۔ جموں و کشمیر کے گوگالینڈ میں 9مہینے کی تربیت حاصل کرنے کے بعد 1995سے 2007تک پنجاب پاکستان کی سرحد، کشمیر میں داخلی حفاظت ، مغربی بنگال میں بنگلہ دیش کی سرحد ، میگھالیہ ، کشمیر کے علاقوں میں بطور فوجی خدمات انجام دیں۔ 2005میں بم کی تربیت پانے کے بعد 2008سے 2012تک راجستھان کے جودھپور کے تربیتی مرکز میں خدمات انجام دینے کے لئے بی ایس ایف کی دی گئی ذمہ داری کو ادا کرتے رہے۔ اسی طرح مختلف ذمہ داریوں کو انجام دینے کے بعد 2017میں وہ بحیثیت کمانڈر ریٹارئرڈ ہوئے ۔ گزشتہ دو تین برسوں سے کھیتی میں مصروف اچھویت سماجی خدمت کے جذبے سے گرام پنچایت الیکشن میں قسمت آزما رہے ہیں۔ ان کاکہنا ہےکہ میں خالص عوامی خدمت کے جذبے سے گرام پنچایت انتخابات میں مقابلہ کررہاہوں، فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے۔